منگلورو ، 21 / اگست (ایس او نیوز) شہر کے نہرو میدان میں 14 کو اینیپویا اور سینٹ ایلوشیئس کالج کے درمیان جو فٹ بال میچ ہوا تھا اور اس کے دوران طلبہ کے بیچ جو جھگڑا ہوا تھا وہ اس وقت سنگین رخ اختیار کر گیا جب ایک گروہ نے تین طالب علموں کا اغوا کرکے انتہائی بے رحمی کے انہیں نہ صرف پیٹا بلکہ اس واقعے کی ویڈیو کلپ بھی سوشیل میڈیا پر وائرل کر دی ۔
ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تین طالب علموں کو نیم برہنہ کرکے بے تحاشہ پیٹا جا رہا ہے اور انہیں معافی مانگنے پر مجبور کیا جا رہا ہے اور پھر معافی مانگنے کے بعد بھی مار پیٹ جاری ہے ۔ ویڈیو کلپ وائرل ہونے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمین کو گرفتار کر لیا اور بقیہ ملزمین کی تلاش جاری ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ اغوا اور مار پیٹ کا شکار ہونے والے تین طالب علم کم عمر کے ہیں اور پانڈیشور، بینگرے اور کودرولی کے رہنے والے ہیں ۔ ان طالب علموں کو پانڈیشور کے ایک گروہ نے اغوا کیا تھا جن میں تین طالب علموں سمیت پانچ افراد شامل تھے ۔ اغوا اور حملہ کرنے والے گروہ میں شامل تین طالب دیان، تسلیم اور سلمان کی عمر 18 اور 19 سال ہے جبکہ دیگر دو لڑکے 17 سال کے بتائے جاتے ہیں ۔ دو ملزم طالب علم کا تعلق ایلوشیئس سے ہے اور ایک طالب ماتا کالج سے تعلق رکھتا ہے ۔
پولیس کمشنر انوپم اگروال کے مطابق حملے کا شکار ہوئے طالب علموں کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے اور ان کی حالت بہتر ہے ۔ ملزم سلمان اور دیان کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ بقیہ ملزمین کی تلاش جاری ہے ۔
دکشن کنڑا فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر ڈی ایم اسلم نے کہا کہ کھیل کود کے معاملے پر طالب علموں کے ساتھ اس طرح کی مار پیٹ اور پھر اس کی ویڈیو بنا کر سوشیل میڈیا پر وائرل کرنا قابل مذمت ہے ۔ پولیس کو چاہیے کہ اس معاملے کو بڑی سنجیدگی سے لے اور ایسی کٹھن کارروائی کرے کہ دوسرے طالب علموں کو اس سے سبق ملے ۔